مندرجات کا رخ کریں

مومن خان مومن

ویکی اقتباس سے

مومن خان مومن (پیدائش: 1800ء – وفات: 14 مئی 1852ء) اردو زبان کے نامور شاعر، دہلی کے قدیم شعراء میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ غالب اور ابراہیم ذوقؔ کے ہم عصر تھے۔

اقتباسات

[ترمیم]

شاعری سے اقتباسات

[ترمیم]

غزل

[ترمیم]
  • وہ جو ہم میں تم میں قرار تھا تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
    وہی یعنی وعدہ نباہ کا تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
    وہ جو لطف مجھ پہ تھے بیشتر وہ کرم کہ تھا مرے حال پر
    مجھے سب ہے یاد ذرا ذرا تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
    وہ نئے گلے وہ شکایتیں وہ مزے مزے کی حکایتیں
    وہ ہر ایک بات پہ روٹھنا تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
    کبھی بیٹھے سب میں جو روبرو تو اشارتوں ہی سے گفتگو
    وہ بیان شوق کا برملا تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
    ہوئے اتفاق سے گر بہم تو وفا جتانے کو دم بہ دم
    گلۂ ملامت اقربا تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
    کوئی بات ایسی اگر ہوئی کہ تمہارے جی کو بری لگی
    تو بیاں سے پہلے ہی بھولنا تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
    کبھی ہم میں تم میں بھی چاہ تھی کبھی ہم سے تم سے بھی راہ تھی
    کبھی ہم بھی تم بھی تھے آشنا تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
    سنو ذکر ہے کئی سال کا کہ کیا اک آپ نے وعدہ تھا
    سو نباہنے کا تو ذکر کیا تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
    کہا میں نے بات وہ کوٹھے کی مرے دل سے صاف اتر گئی
    تو کہا کہ جانے مری بلا تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
    وہ بگڑنا وصل کی رات کا وہ نہ ماننا کسی بات کا
    وہ نہیں نہیں کی ہر آن ادا تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
    جسے آپ گنتے تھے آشنا جسے آپ کہتے تھے با وفا
    میں وہی ہوں مومنؔ مبتلا تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو۔

اشعار

[ترمیم]
  • تم میرے پاس ہوتے ہو گویا
    جب کوئی دوسرا نہیں ہوتا
  • تم ہمارے کسی طرح نہ ہوئے
    ورنہ دنیا میں کیا نہیں ہوتا
  • حال دل یار کو لکھوں کیوں کر
    ہاتھ دل سے جدا نہیں ہوتا
  • تھی وصل میں بھی فکر جدائی تمام شب
    وہ آئے تو بھی نیند نہ آئی تمام شب
  • رویا کریں گے آپ بھی پہروں اسی طرح
    اٹکا کہیں جو آپ کا دل بھی مری طرح
  • مومنؔ خدا کے واسطے ایسا مکاں نہ چھوڑ
    دوزخ میں ڈال خلد کو کوئے بتاں نہ چھوڑ

مزید دیکھیں

[ترمیم]